مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات جاری ہیں، پانچویں مرحلے کی پولنگ کے لئے آئندہ بدھ کو تشہیری مہم کا آخری دن ہے۔
الیکشن کمیشن نے ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی پر آج آئندہ 24 گھنٹے کے لئے تشہیری مہم پر روک لگا دی جو رات 8 بجے سے نافذ ہو گا۔ الیکشن کمیشن نے ممتا بنرجی پر یہ پابندی تیسرے مرحلے کے دوران ہگلی ضلع کے تارکیشور اسمبلی حلقہ میں ان کے اس بیان پر لگایا ہے جس میں انہوں نے ریاست کے اقلیتوں کو ووٹ منقسم نہ ہونے دینے اور بی جے پی کے خلاف متحد ہوکر ووٹ دینے کی اپیل کی تھی۔
ممتا بنرجی کے اس بیان پر بی جے پی نے ان پر مذہب کے نام پر ووٹ مانگنے کی الیکشن کمیشن سے شکایت کی تھی۔الیکشن کمیشن نے اسی سلسلے میں ممتا بنرجی کے 24 گھنٹے کے تشہیری مہم میں حصہ لینے پر پابندی عائد کی ہے۔
ممتا بنرجی نے الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کو غیر دستوری اور غیر جمہوری قرار دیا ہے۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کے خلاف آئندہ کل دو پہر 12بجے سے کولکاتا کے گاندھی مورتی کے پاس دھرنے پر بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے۔