مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے تین تہہ والے سرجیکل ماسک کو صرف چار روپئے میں عام لوگوں کو فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عام لوگوں کے لیے کورونا وائرس سے تحفظ کے لیے مہنگے ماسک خریدنے میں دشواری کے پیش نظر ریاستی حکومت نے ریاست کی عوام کو محض چار روپئے میں ماسک فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ صحت سے منسلک افراد کی جانب سے حکومت سے فیئر پرائس میڈیسن کے طور پر پی پی ای کٹ بھی مہیا کرانے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا، جسے دیکھتے ہوئے محکمہ صحت مغربی بنگال کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ تمام فیئر پرائس میڈیسن دکانوں میں 450 روپئے میں پی پی ای کٹ دستیاب کرائے جائیں گے۔
ماسک تمام لوگ خرید سکتے ہیں لیکن پی پی ای کٹ صرف ڈاکٹر ہی خرید سکتے ہیں لیکن اس کے بعد ایک ڈاکٹر اپنے رجسٹریشن نمبر کا حوالہ دے کر ایک دفعہ میں صرف 10 پی پی ای کٹ اور دس ماسک خرید سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ کئ روز سے رعایتی قیمت پر ماسک اور پی پی ای کٹ مہیا کرانے کا حکومت سے مطالبہ کیا جا رہا تھا کیونکہ کورونا وائرس سے تحفظ کے لیے ماسک اور سینیٹائزر کا استعمال کرنے کی ہدایت کے بعد سے ہی ریاست میں ماسک کی مانگ بڑھنے کی وجہ سے ان کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے حکومت کی طرف سے رعایتی قیمت پر ماسک فراہم کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔