مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنہ کے بیرکپور پارلیمانی حلقے سے بی جے پی کے رکن پارلیمان ارجن سنگھ نے کہا کہ سی آئی ڈی کی جانب سے انہیں نوٹس موصول ہوا ہے جس میں 25 مئی کو سی آئی ڈی دفتر میں حاضر ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی آئی ڈی ریاستی حکومت کے ماتحت سرگرم ادارہ ہے۔ اس پر وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کا مکمل کنٹرول ہے اور وہ جیسے چاہتی ہیں ویسے استعمال کرتی ہیں۔ بی جے پی کے رکن پارلیمان کا کہنا ہے کہ انہوں نے کو آپریٹو بینک سے مبینہ لین دین کے معاملے کو دوسری ریاست منتقل کرنے کے لیے عرضی دائر کی ہے۔
ارجن سنگھ نے کہا کہ ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی انہیں جھوٹے معاملے میں پھنسانے کےلیے کوشاں ہیں۔ یہ معاملہ برسوں سے چلا آ رہا ہے اب تک میرے خلاف کوئی ثبوت پیش نہیں کیا جا سکا۔
واضح رہے کہ سی آئی ڈی کی ٹیم نے کروڑوں روپے کی مبینہ لین دین کے معاملے میں ارجن سنگھ اور ان کے بھتیجے سورو سنگھ کے گھر کے دروازے پر نوٹس چسپاں کی ہے۔ مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنہ کے بیرکپور سے بی جے پی کے رکن یارلیمان کو، کو آپریٹو بینک سے کروڑوں روپے کی مبینہ لین دین معاملے میں سی آئی ڈی کے سامنے 25 مئی کو پیش ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ارجن سنگھ پر نئی ہٹی میں واقع کو آپریٹو بینک کے اپنے اکاؤنٹ میں مبینہ طور پر کروڑوں روپے ٹرانسفر کروانے کا الزام ہے۔