مغربی بنگال میں سات مہینے کے بعد آج سے لوکل ٹرین کی خدمات شروع ہوگئی ہیں۔ تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے سخت انتظامات اور نگرانی کی جارہی ہے اور مسافر بھی قوانین پر عمل کررہے ہیں۔
مشرقی اور جنوب مشرقی ریلوے کے تحت چلنے والی لوکل ٹرین خدمات آج سے شروع ہوگئی ہے۔ تاہم پہلے دن ای ایم یو ٹرینوں میں آج اتنی بھیڑ نظر نہیں آرہی ہیں جو کورونا عہد سے قبل تھی۔
ریلوے انتظامیہ کے مطابق آہستہ آہستہ مسافروں کی تعداد میں اضافے کا امکان ہے۔ مہنگے ٹرانسپورٹ کے بجائے مسافر لوکل ٹرین میں سفر کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ ریلوے انتظامیہ نے مسافروں سے کوویڈ 19 کے قواعد پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔ اسٹیشن کے احاطے اور ٹرینوں میں ماسک پہننا لازمی ہے۔
ریلوے افسر نے بتایا کہ مشرقی ریلوے کے سیالدہ سیکشن میں 413 مضافاتی ٹرینیں اور ہوڑہ سیکشن میں 202 ٹرینیں بدھ سے چلنا شروع ہوگئی ہیں۔ جب کہ جنوب مشرقی ریلوے 81 باقاعدہ ٹرینیں چلائی جارہی ہیں۔
کورونا انفیکشن کی وجہ سے لاک ڈائون نافذ ہونے کے نتیجے میں لوکل ٹرین کی خدمات بند کردی گئی تھیں۔ عوام کے شدید مطالبے کے بعد کے اب لوکل ٹرین کی خدمات شروع کی گئی ہے ۔ریاستی حکومت اور ریلوے انتظامیہ کے درمیان طویل نشستوں کے بعد ایک معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پی) جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق ہر مسافر کو ماسک لگانے کے ساتھ 50 فیصد سیٹوں پر ہی بیٹھنے کی اجازت ہوگی۔
ریاستی حکومت اور ریلوے انتظامیہ کے مابین ذمہ داری شیئر کی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ نے ایس او پی جاری کیا۔ ریلوے ضرورت کے مطابق ٹرینوں کی مناسب تعداد کو یقینی بنائے گی۔
حکومت کے مطابق مسافروں کے لئے ماسک پہننا لازمی ہوگا۔ داخلے اور خارجی راستوں کے نشانات ہوں گے۔ ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) بھیڑ کو کنٹرول کرنے کے لئے جی آر پی کی مدد کرے گی۔ اس کے ساتھ ہی ای ٹکٹنگ اور ڈیجیٹل ادائیگی کی خدمات میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔
اسی کے ساتھ ساتھ واش روم کی صفائی کے ساتھ بڑی تعداد میں صابن اور سینیٹائزر بھی مہیا کیے جائیں گے۔ ٹرین کے اندر صفائی کے ساتھ ساتھ پلیٹ فارم پر صفائی بھی ہوگی۔ تھرمل چیکنگ کے ساتھ دیگر حفاظتی معیارات بھی طے کیے جائیں گے تاکہ متاثرہ شخص اسٹیشن کے اندر داخل نہ ہوسکے۔ اسٹیشنوں تک آمدورفت کی مناسب موجودگی کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔