مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا سے متصل ضلع ہوڑہ کے سلین منا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں خضرپور ایس سی اور جارج ٹیلی گراف کی ٹیمیں نبرد آزما ہوئیں۔ دونوں ٹیموں نے جارحانہ انداز میں کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ پر اپنی اپنی طرف گرفت مضبوط بنانے کے ارادے سے ایک دوسرے پر پے در پے حملے کیے۔
کھیل کے 22 ویں منٹ پر سمت گھوش نے خوبصورت گول کر کے خضرپور ایس سی کو ایک-صفر کی سبقت دلائی۔ پہلے ہاف کے اختتام تک جارج ٹیلی گراف نے اسکور برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی مگر وہ اپنے مقصد کو حاصل کرنے میں ناکام رہی۔
دوسرے ہاف میں بھی خضرپور ایس سی اور جارج ٹیلی گراف کی ٹیموں کے درمیان دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کا سلسلہ جاری رہا۔ دوسرے ہاف کے 47 ویں منٹ پر راجیب گورائی نے گول کر کے جارج ٹیلی گراف کو ایک-ایک گول کی برابری پر لاکھڑا کر دیا۔ اسکور برابر ہونے کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان ایک دوسرے پر برتری حاصل کرنے کے لیے پے در پے حملوں کا سلسلہ جاری رہا۔
یہ بھی پڑھیں: محمڈن اسپورٹنگ کی خاتون فٹبال ٹیم کی تشکیل جلد :اشتیاق احمد راجو
کھیل کے اختتام تک خضرپور ایس سی اور جارج ٹیلی گراف کی مزید گول کرنے کی بھرپور کوشش جاری رہی مگر اس برتری کی جنگ میں کسی کو کامیابی نہیں ملی اور میچ 1-1 سے ڈرا ہو گیا۔ دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ پر اکتفا کرنا پڑا۔ کلکتہ فٹبال لیگ 2021 میں کل یعنی جمعہ کو بھوانی پور ایف سی اور بی ایس ایس ایس سی کی ٹیموں کے درمیان اہم میچ رابندر سرور اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔