عالمی وبا کورونا وائرس ایک بار پھر پورے ملک میں بڑے تباہی مچا رہی ہے۔ روز بروز کورونا کے کیسیز میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ بڑی تعداد میں کورونا وائرس متاثر افراد کی اموات کی خبریں خوف زدہ کررہی ہیں۔
واضح رہے کہ کورونا کے مریضوں کو خصوصی طور پر سانس لینے میں دشواریون کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کے لیے بڑے پیمانے پر آکسیجن کی ضرورت پڑتی ہے۔ آکسیجن کی ضرورت کو دیکھتے ہوئے جماعت اسلامی مغربی بنگال کی جانب سے کورونا مریضوں کے لیے مفت آکسیجن مہیا کرایا جا رہا ہے۔ کولکاتا کے امداد علی لین میں ایم ایم ماڈل اسکول میں مفت آکسیجن سنٹر موجود ہے۔
کولکاتا کے مسلمانوں کے لیے وبائی دور میں مدد کے لیے جماعت اسلامی نے یہ مہم شروع کی ہے۔
جماعت اسلامی مغربی بنگال کے سیکریٹری شاداب معصوم نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ کورونا وائرس کی تباہ کاری اور ایسے وقت میں آکسیجن کی کمی اور اس کی ضرورت کے پیش نظر جماعت اسلامی نے مفت آکسیجن سنٹر قائم کیا تھا۔ جس سے لوگوں کو استفادہ ہورہا ہے۔ اب ہمارے سنٹر میں بھی آکسیجن سلنڈر کی کمی محسوس کی جا رہی ہے کیونکہ کورونا کے کیسیز میں بہت تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔'
انہوں نے کہا کہ ہم سیلنڈروں کی تعداد میں اضافہ کرنے پر غور و فکر کر رہے ہیں، کیونکہ موجودہ تعداد ناکافی ثابت ہو رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں کولکاتا کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ آکسیجن سیلنڈر جماعت اسلامی کے اس مفت آکسیجن سنٹر میں عطیہ کریں تاکہ مزید لوگوں کی مدد کی جا سکے۔'
غور طلب ہے کہ ریاست مغربی بنگال میں کورونا کے کیسیز میں لگاتار اضافہ ہو رہا ہے۔ روزانہ یہاں بھی آٹھ ہزار سے زائد معاملے سامنے آ رہے ہیں جس کا اثر یہاں صاف نظر آ رہا ہے۔