اسمبلی انتخابات کے نتائج آنے کے بعد مغربی بنگال کے تمام اضلاع میں ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے حامیوں کے درمیان خونی جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
خبروں کے مطابق ریاست کے تمام اضلاع میں جاری سیاسی تصادم میں اب نصف درجن افراد کی موت ہو چکی، جبکہ سینکڑوں گھروں کو تباہ و برباد کر دیا گیا ہے۔ گورنر جگدیپ دھنکر نے اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد جاری جھڑپوں میں نصف درجن افراد کی موت پر وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کی کڑی تنقید کی ہے۔'
بنگال: سیاسی رہنماؤں کے قتل پر گورنر جگدیپ دھنکر کی ممتا بنرجی پر تنقید مغربی بنگال کے گورنر جگدیپ دھنکر ممتاببرجی کی حکومت کے سب سے بڑے ناقدین میں سے ایک ہیں اور اکثر و بیشتر ریاستی حکومت و انتظامیہ کی تنقید کرتے رہتے ہیں۔گورنر جگدیپ دھنکر نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اسمبلی انتخابات کے پر امن گزرنے کے بعد نتائج کا اعلان کیا گیا۔ کسی کو جیت ملتی ہے کسی کو شکست کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہاکہ اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد ایسا محسوس ہونے لگا ہے کہ ریاست میں لاء اینڈ آرڈر نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ریاستی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے گورنر جگدیپ دھنکر نے کہاکہ نتائج آنے کے 24 گھنٹوں کے اندر نصف درجن سیاسی رہنماؤں اور حامیوں کے قتل کا واقعہ پیش آنا کوئی معمولی بات نہیں ہے۔ حکومت اور پولیس انتظامیہ کو مل جل کر اس پر قابو پانے کے بارے میں سوچنا چاہیے۔' انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت اگر اس پر قابو پانے میں ناکام رہتی ہے تو ہمارے پاس دوسرے راستے بھی ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ کل اسمبلی انتخابات 2021 کے نتائج کا اعلان کیا گیا۔ ممتابنرجی کی قیادت والی حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کو 215 سیٹوں پر کامیابی ملی۔ جبکہ بی جے پی کو 75 سیٹز پر اکتفا کرنا پڑا۔اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد سے ہی ریاست کے بیشتر اضلاع میں سیاسی جماعتوں کے حامیوں کے درمیان خونی جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک چھ لوگوں موت ہوچکی ہے جس میں پانچ بی جے پی اور ایک انڈین سیکولر فرنٹ کے رہنما شامل ہے۔'