مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات 2021 ختم ہوتے ہی کارپوریشن اور میونسپلٹیوں کے انتخابات کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔
حکمراں جماعت ترنمول کانگریس سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے کارپوریشن اور میونسپلٹیوں کے انتخابات کی سرگرمیوں میں تیزی آ رہی ہے۔
اس کے مدنظر ترنمول کانگریس کے سینئر رہنما اور وزیر فرہاد حکیم نے کارپوریشن انتخابات کے مدنظر 'میئر کو بولو مہم' کی شروعات کی۔
ترنمول کانگریس کے رہنما فرہاد حکیم نے کہا کہ اس مہم کو کارپوریشن اور میونسپلٹیوں کے انتخابات سے جوڑنا مناسب نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ میئر کو بولو مہم کا مقصد عوام سے جڑنا ہے۔ اس مہم کے تحت کولکاتا میونسپل کارپوریشن کا کولکاتا کے عوام کے بالکل قریب پہنچنے کا آسان طریقہ ہے۔
فرہاد حکیم نے کہا کہ ممتا بنرجی کی قیادت والی حکمراں جماعت ترنمول کانگریس عوام کی خدمت انجام دینے کے سبب مسلسل تیسری مرتبہ اقتدار میں آئی ہے اور مستقبل میں بھی اقتدار میں رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ممتا بنرجی اور ان کی پارٹی عوام کے درمیان رہتے ہیں اور اسی وجہ سے مسلسل تیسری مرتبہ دو سو سے زائد سیٹوں کی بدولت اقتدار میں آئے ہیں جو لوگ اس بار دو سو پار کا نعرہ لگاتے تھے آج ان کا کوئی اتا پتہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر چیز کو سیاست سے جوڑنا اچھی بات نہیں ہے۔ عوام کی خدمت ہمارے لئے اولین ترجیح ہے اور ہم خاموشی سے عوام کے فلاح و بہبود کے لئے کام کرتے رہیں گے۔