اپوزیشن جماعتیں کانگریس اور بایاں محاذ کے ممبران اسمبلی کے ذریعہ انسداد ماب لنچنگ ترمیمی بل 2019کی قانون سازی میں بے ضابط گی کی شکایت کے بعد مغربی بنگال کے گورنر جگدیپ دھنکر نے بنگال اسمبلی کے سیکریٹری کو خط لکھ کر رپورٹ طلب کی ہے۔
گزشتہ ماہ 28 اگست کو ممتا بنرجی کی حکومت نے بنگال اسمبلی میں ماب لنچنگ مخالف بل پیش کیا تھا۔ اپوزیشن جماعتوں کے ممبران کا الزام ہے کہ بل پیش کرنے سے قبل ممبران کو جو بل پیش کیا گیا اور جو بل اسمبلی میں پاس کیا گیا ہے دونوں میں بہت ہی زیادہ فرق ہے۔
کل اپوزیشن جماعت کانگریس اور بایاں محاذ کے ممبران اسمبلی اپوزیشن لیڈر عبد المنان اور سی پی ایم لیڈر سوجن چکرورتی کی قیادت میں گورنر سے ملاقات کرکے اس معاملے میں شکایت کی تھی۔ شکایت کے ایک دن بعد گورنر نے اسمبلی کے سیکریٹری سے رپورٹ طلب کی ہے۔
قانون کے مطابق اسمبلی سے پاس ہونے کے بعد گورنر کے دستخط کے پاس قانون بن جاتا ہے۔ مگر اس بل پر اب تک گورنر نے دستخط نہیں کیا ہے۔ اب اس بل کا مستقبل اسمبلی کے سیکریٹری کے جواب پر منحصر ہے۔
اپوزیشن جماعتوں کی شکایت ہے کہ یہ کوئی پرنٹنگ کی غلطی کا نتیجہ نہیں بلکہ یہ جان بوجھ کر انجام دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جو بل پاس کیا گیا ہے اس میں زیادہ سے زیادہ کچھ اور ہے اور جب کہ اسمبلی کے ٹیبل پر ممبران کے درمیان جو بل تقسیم کیا گیا ہے اس میں کچھ اور سزا لکھا ہوا ہے۔خیال رہے کہ گورنر نے کل ملاقات کے دوران یقین دہانی کرائی تھی وہ اس معاملے کو سنجیدگی کے ساتھ دیکھیں گے۔