مغربی بنگال: ناردا رشوت معاملے میں دو ریاستی وزیر فرہاد حکیم، سبرتو مکھرجی اور رکن اسمبلی مدن مترا و سابق رکن اسمبلی سوبھن چٹرجی کو سی بی آئی نے آج پوچھ تاچھ کے لیے حراست میں لیا تھا لیکن ذارئع کے مطابق سی بی آئی نے چاروں کو گرفتار کر لیا ہے۔
سی بی آئی آج ہی عدالت میں ان کے خلاف چارج شیٹ بھی داخل کرنے والی ہے، گرچہ موجودہ رکن اسمبلی یا وزیر کو گرفتار کرنے سے قبل نوٹس جاری کرنا پڑتا ہے لیکن سی بی آئی نے ان کو نوٹس دیئے بغیر ہی گرفتار کر لیا ہے۔
فرہاد حکیم، سبرتو مکھرجی اور مدن مترا کے وکلاء بھی نظام پیلیس پہنچ چکے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ سی بی آئی نے پروٹوکول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ریاستی وزراء اور رکن اسمبلی کو گرفتار کیا ہے۔
ریاست کے گورنر جگدیپ دھنکر سے سی بی آئی نے کچھ دنوں قبل ہی ان کے خلاف کاروائی کرنے کی اجازت طلب کی تھی، لیکن کسی بھی وزیر یا رکن اسمبلی کی گرفتاری سے قبل ریاستی اسمبلی کے اسپیکر سے بھی اجازت لینی پڑتی ہے جبکہ ایسا نہیں کیا گیا۔
سوبھن چٹرجی فی الحال نہ رکن اسمبلی ہیں اور نہ ہی وہ وزیر ہیں ان کے معاملے میں ایسا ہو سکتا ہے لیکن رکن اسمبلی یا وزیر کی گرفتاری سے قبل نوٹس دینا پڑتا ہے لیکن ایسا نہیں کیا گیا ہے۔ دوسری جانب ترنمول کانگریس اس حرکت کو سیاسی انتقام قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں سی بی آئی نے فرہاد حکیم، سبرتو مکھرجی، مدن مترا اور شوبھن چٹرجی سے ناردا اسٹنگ آپریشن معاملے میں تفتیش کے لیے اجازت مانگی تھی۔گورنر جگدیپ دھنکر نے اس وقت کہا تھا کہ ان چاروں سیاسی رہنماؤں کے خلاف ٹھوس ثبوت کی بنیاد پر سی بی آئی کو تفتیش کی اجازت دی گئی ہے۔