کولکاتا: کانگریس، بائیں محاذ اور آئی ایس ایف نے بی جے پی اور ترنمول کانگریس پر تشدد پھیلانے کاالزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اتنے بڑے پیمانے پرمرکزی فورسیس کی تعیناتی کے باوجود ان دونوں جماعتیں کے ورکرز غنڈہ گردی کررہے ہیں اور کمیشن خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
سالبونی سے سی پی آئی ایم کے امیدوار سوشانت گھوش نے کہا کہ ان کے حلقے انتخاب میں بوتھ 142اور143میں بوتھ لوٹ لیے گئے ہیں۔ سی پی ایم کے سنٹرل کمیٹی کے رکن رابن دیب نے الزام عائد کیا ہے کہ کمیشن بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی فورسز نے بلرام پور اور کھیجوری میں بی جے پی کی مدد کی ہے۔ ہم نے یہ شکایت الیکشن کمیشن میں درج کروائی ہے۔
دریں اثنا، کانگریس کے رہنما اور راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ پردیپ بھٹاچاریہ نے پہلے مرحلے کے پانچ گھنٹے بعد الیکشن کمیشن کے خلاف شکایت درج کروائی۔ پردیپ بھٹاچاریہ نے کہاکہ الیکشن کمیشن کے انتظامات ناقص ہیں۔ مختلف مقامات پر ہنگامہ برپا ہے، سوشانت گھوش کی گاڑی کو توڑا جارہا ہے، ای وی ایم مشین خراب ہو رہی ہے، مختلف الزامات آرہے ہیں۔ کمیشن صرف گرج رہا ہے۔ میں چیف الیکشن کمشنر سے درخواست کر تا ہوں کہ بنگال انتخابات میں قانون کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ ریاستی پولیس اور مرکزی قوتیں بیک وقت قانون کا دفاع کرنے کی بجائے تشدد کے واقعات کا خاموشی سے دیکھ رہی ہے میں چیف الیکشن کمشنر سے اپیل کر رہا ہوں کہ وہ فوری طور پر ضلع پولیس اور مرکزی فورس کو سرگرم عمل رہنے کی ہدایت کریں۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے کہا کہ انتظامات مکمل ہیں، شکایات کی جانچ کی جارہی ہے۔
یواین آئی