ریاست مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا کے اے جے سی شاہراہ پر واقع فلائی اوور سے نیچے اترتے وقت میٹاڈور پلٹ گئی، جس میں سوار ایک ہی خاندان کے 26 افراد زخمی ہوگئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
اس واقعے کے بعد اے جی سی روڈ اور اس کے اطراف کی سڑکوں پر آمدورفت پوری طرح سے متاثر ہوگئی۔
پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر حالات کو قابو میں کیا اور زخمیوں کو پارک سرکس میں واقع چترنجن نیشنل میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال میں داخل کرایا جہاں ان سب کا علاج جاری ہے۔
واضح رہے کہ زخمیوں میں سے تین خواتین اور چار بچوں کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی گئی ہے جبکہ دس لوگوں کو ابتدائی مرہم پٹی کے بعد ڈسچارج کردیا گیا۔
پولیس نے کہا کہ پورے معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے لیکن مسافروں سے بھری گاڑی کے اچانک اور اس حادثے کی اصل وجی کا پتہ ابھی تک نہیں چل سکا ہے۔
پولیس نے مزید کہا کہ زخمی ہونے والے تمام افراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں تاہم وہ کسی تقریب میں شامل ہو کر اپنے گھر واپس جارہے تھے اسی دوران راستے میں یہ واقعہ پیش آیا۔
پولیس نے حالات کو قابو میں کرنے کے بعد گاڑیوں کی آمدورفت دوبارہ بحال کردی ہے۔