بہار میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔ 6 نئے معاملوں کے ساتھ بہار میں کورونا پازیٹوں کی تعداد بڑھ کر 535 ہو گئ ہے۔
وہیں بنگال، نیپال اور بنگلہ دیش کے بارڈر سے متصل بہار کا کشن گنج ضلع ابھی بھی گرین زون میں ہے۔ روزانہ 250 سے 350 مشکوک مریضوں کی جانچ کی جاتی ہے۔ مسلسل گرین زون میں بنے رہنے کے لئے ضلع پولیس کپتان ایس پی کمار آشیش نے ضلع کے لوگوں کا شکریہ ادا کیا ہے ساتھ ہی کچھ ہدایتیں بھی دی ہیں۔
ایس پی نے کہا ہے کہ کورونا جیسی خطرناک بیماری سے نجات پانے کے لئے سخت احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ قوانین پر خود عمل کرنے کے ساتھ ساتھ دوسروں کو بھی اس کے لئے بیدار کرنا ہے۔
انہوں مزید کہا کہ کورونا سے بچاو کے لئے بلاک سطح پر کورینٹائن مراکز بناے گئے ہیں جہاں تمام تر سہولیات مہیا کرائی گئی ہیں۔ باہر سے آنے والے مزدوروں طلبہ و دیگر لوگوں کو ان مراکز میں 21 دن کے لئے رکھا جائے گا۔ اور ان کی مسلسل جانچ ہوگی۔ کھانے پینے کے سارے انتظامات کئے جائیں گے۔
کمار آشیش نے اپنی اپیل میں آگے کہا کہ ضلع کو کورونا سے محفوظ رکھنے کے لئے ایک تحریک چلانی ہوگی، جس کے تحت ہم سب کو اپنے آس پڑوس پر نگاہ رکھنی پڑے گی کہ کون باہر سے آ رہا ہے، کون کورونا متاثر ہو سکتا ہے، کس کی طبیعت ناساز چل رہی ہے۔ یہ ساری جانکاری قریب کے تھانہ کو دینی ہوگی۔
انہوں نے آگے کہا کہ سبھی مکھیہ، سرپنچ، وارڈ پارشد و دیگر عوامی نمائندے سے گزارش ہے کہ وہ ہمارے ساتھ ٹیم کے طور پر کام کریں۔