بہار کے ضلع کشن گنج میں انڈین یونین مسلم لیگ پارٹی کی جانب سے ضلع میں لاک ڈاؤن متاثرین کے درمیان پچھلے دو ہفتے سے امدادی سامان تقسیم کیا جا رہا ہے، جس میں چاول، دال، آلو، پیاز، چینی، چاے پتی، صابن، تیل، مسالے، بسکٹ وغیرہ شامل ہے۔
امدادی سامن کی تقسیم کے موقع پر انڈین یونین مسلم لیگ کے ممبر ناہید ارشد نے کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے بلکہ سیلاب کے دوران اور ماہ رمضان میں پارٹی خصوصی طور پر ضرورت مندوں کے بیچ راحت پیکٹ تقسیم کرتی رہی ہے۔ اس بار کی بات کی جائے تو پارٹی کی جانب سے اب تک ضلع کے ہزاروں متاثرین کے درمیان امدادی سامان تقسیم کیا جا چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انڈین یونین مسلم لیگ پارٹی ایک عرصے سے کشن گنج ضلع میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ خواہ سال 2017 اور 2019 کا تباہ کن سیلاب ہو یا پھر آتشزدگی کے معاملات یہ پارٹی سب سے پہلے مدد کے لئے آگے آتی رہی ہے۔
پارٹی رکن نے کہا کہ ہر رمضان المبارک کے موقع پر بیواہ، مسمات اور غریب طبقات کے بیچ امدادی سامان تقسیم کرنے کا کام بھی پارٹی کرتی رہی ہے۔
ناہید ارشد نے مزید کہا کہ اس وقت زیادہ تر پارٹیاں خدمت کرتے ہوئے دوسری پارٹی کو نیچا دکھانے کا کام کر رہی ہے لیکن ہماری پارٹی کسی کو نشانہ بناے بغیر صرف خدمت خلق کرنے کا کام کر رہی ہے۔ پارٹی ممبر کی مانیں تو وہ یہ کام سیاسی فائدہ کے لئے نہیں بلکہ ضرورت مندوں کے چہرے پر مسکان لانے کے لئے کر رہے ہیں۔
واضح ہو کہ بہار میں کورونا مریضوں کی تعداد مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔ مختلف اضلاع میں ملے 41 نئے مثبت معاملے کے ساتھ بہار میں کورونا مریضوں کل تعداد 466 ہو گئی ہے۔