بہار کے ضلع ارریہ کے رانی گنج تھانہ حلقے میں واقع بینگواہی گاؤں میں پندرہ برس کے نوجوان کا بہیمانہ قتل کیا گیا جس سے گاؤں میں غم کا ماحول ہے۔
پولیس کو ابھیشیک کمار کی لاش ایک دھان کے کھیت میں سات ٹکڑوں میں ملی۔ اس کے اہل خانہ کی چیخ و پکار سے پورا گاؤں غمگین ہے۔ لوگ کہہ رہے ہیں ایسا واقعہ اس علاقے میں پہلے کبھی نہیں پیش آیا۔
اہل خانہ کے مطابق گاؤں کے ایک کوچنگ سینٹر میں ان کا بیٹا اور ایک لڑکی ساتھ میں پڑھتے تھے۔ دونوں میں محبت ہو گئی۔ تقریبا دو مہینے قبل لڑکی کی شادی ہو گئی تھی، اس کے باوجود دونوں خفیہ طور پر ملا کرتے تھے۔ دونوں کے ملنے سے لڑکی کے گھر والے اعتراض کر رہے تھے۔
ایس ڈی پی او کمار دیویندر سنگھ نے کہا کہ 'معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔ لاش کا 75 فیصد حصہ مٹی میں گم گیا ہے مگر لاش ابھیشیک کی ہی ہے کیونکہ گھر والوں نے کپڑے سے اس کی پہچان کی ہے۔'
انہوں نے مزید کہا کہ 'لڑکی کے گھر والے فرار ہیں۔ اس سے یہ شک اور پختہ ہو رہا ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'وہ ہر پہلو پر جانچ کر اس کا خلاصہ جلد کریں گے۔ جلد ہی قاتل جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہوگا۔ اس معاملے میں پولیس نے رانی گنج تھانہ میں متعلقہ دفعات کے تحت لڑکی کے گھر والوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ لڑکی کے گھر پر ایک چوکیدار کو لگا دیا گیا ہے۔'