مختلف ریاستوں میں پھنسے مزدور، طلبہ، ٹورسٹ و دیگر لوگوں کو انکے گھر بھیجنے کے متعلق مرکزی حکومت کی گائیڈ لائن کے جاری ہونے کے بعد بہار کے ارریہ سے 21 بس پٹنہ روانہ کی جارہی ہے تاکہ دیگر ریاستوں میں پھنسے ہوئے مزدور یا دیگر افراد پٹنہ پہنچے تو انہیں فوراً ارریہ لایا جا سکے۔
سیمانچل کے ارریہ، پورنیہ، کشنگنج اور کٹیہار کی ایک بڑی آبادی روزگار کے سلسلے میں دوسری ریاستوں میں مقیم ہے، تاکہ ان کے گھر دو وقت کی روٹی کا نظم ہو سکے مگر جب سے ملک بھر میں لاک ڈاؤن نافذ ہوا ہے تب سے باہر رہ رہے لوگوں کے لئے پریشانیاں پیدا ہو گئی ہیں چونکہ سارے کام بند پڑے ہیں۔
باہر رہ کر مزدوری کرنے والے افراد کا روزگار چھن جانے سے ان کے پاس کھانے پینے کے سامان تک ختم ہو گئے۔ اس وقت سے یہ لوگ اپنے اپنے گھروں تک پہنچنے کی جدوجہد کر رہے تھے۔
اسی طرح ارریہ کے طلبہ کے چنئی میں پھنسے ہونے کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی۔ اب جب کہ مرکزی حکومت نے خود اعلان کر دیا ہے جس سے ان مزدوروں اور طلبہ کے چہروں پر خوشی کی لہر ہے، حالانکہ درمیان میں بھی ارریہ میں کئی مزدور دہلی، حیدرآباد، بنگلور سے رکشا، موٹرسائیکل و پیدل اپنے گھر پہنچنے کی ہمت کر چکے ہیں۔ ان میں کئی زخمی بھی ہوئے تو کئی فوت ہو گئے۔
اسی ضمن میں باہر سے بذریعہ ٹرین پٹنہ پہنچنے والے مزدوروں اور طلبہ کو اپنے گھروں تک پہنچانے کے لئے ضلع انتظامیہ پوری طرح مستعد ہے اور 21 بس پٹنہ بھیجی جا رہی ہے۔ اس میں ایک بس بکسر جائے گی۔
ڈی ٹی او سبل کمار نے کہا کہ تمام 21 بسوں کو سینیٹائز کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی جو لوگ یہاں آئیں گے اس دوران سماجی فاصلے کا خاص خیال رکھا جائے گا۔