ریاست اترپردیش کے ضلع جونپور کے رامپور علاقے میں آپسی تنازعے میں ایک شخص کا قتل کر دیا گیا۔ پولیس نے اس معاملے میں تین افراد کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس ذرائع نے پیرکو بتایا کہ رامپور علاقے کے آشانند پور گرام سبھا کے بہرا گاؤں میں اتوار کی دیر شام مویشی چرانے کے سلسلے میں سلطان نامی ایک شخص گائو کے بعض افراد کے ساتھ کچھ تنازعہ ہو گیا تھا جس نے دیکھتے ہی دیکھتے مارپیٹ کی شکل اختیار کر لی۔
سلطان کےاہل خانہ کا الزام ہے کہ گاؤں کے ’’گولو، کریا،گوتم، چندن، سونو، روہت سمیت دیگر افراد لاٹھی ڈنڈے لے کر آئے اور سلطان کی بے رحمی سے پٹائی کی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔‘‘
اہل خانہ نے زخمی کو علاج کے لئے ضلع اسپتال میں داخل کرایا جہاں علاج کے دوران رات میں اس کی موت واقع ہو گئی۔
ایس پی اشوک کمار نے رات میں موقع واردات کا جائزہ لیا، اس کے بعد بہرا گاؤں کو پولیس چھاؤنی میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ہے۔ تاہم اس واقعے کے بعد علاقے میں حالات پر امن مگر کشیدہ بنے ہوئے ہیں۔
پولیس نے معاملہ درج کرکے ابتدائی تحقیقات کے بعد تین افراد کی گرفتاری عمل میں لائی ہے۔