تازہ واقعہ اترپردیش کے کانپور میں پیش آیا ہے جہاں چند شرپسند عناصر نے ایک مسلم نوجوان کو پکڑ کر اس سے زبردستی جے شری رام کا نعرہ لگانے کے لیے کہا۔
جب مسلم نوجوان نے جے شری رام کا نعرہ نہیں لگایا تو انہوں نے اسے پیٹنا شروع کر دیا۔ مسلم نوجوان نے جب مدد کے لیے مقامی لوگوں سے اپیل کی تو انہوں نے بھی اسے بے یارو مددگار چھوڑ دیا۔
بتایا جا رہا ہے کہ تاج محمد، کانپور کے بررا 6 علاقے کے ساکن ہیں۔ وہ عثمان پورہ میں قائم مدرسے سے اپنے گھر واپس آرہے تھے تبھی چند شر پسند عناصر نے انہیں پکڑ لیا اور ان سے جے شری رام کے نعرے لگانے کے لیے کہا جب انہوں نے اس کی مخالفت کی تو ان لوگوں نے انہیں مارنا پیٹنا شروع کر دیا۔
حیرت کی بات یہ ہے کہ یہ واقعہ بازار میں پیش آیا اور وہاں موجود سینکڑوں لوگوں نے اسے دیکھا بھی، تاج محمد نے انہیں مدد کے لیے آواز بھی دی لیکن ان کی کسی نے بھی مدد نہیں کی۔
تاج محمد نے اس کی شکایت پولیس میں کی جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔