مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ستمبر2019 میں جمعیۃ علماء ہند کے دستور اساسی میں جزوی تبدیلی کے بعد پہلی مرتبہ جمعیت علماء ہند کی جدید ممبر سازی مکمل ہونے پر جمعیت علماء شہر کانپور کے انتخابات کی تکمیل اور شہری یونٹ کو اسمبلی سیٹ کے اعتبار سے سات حصوں میں تقسیم کرنے کا اعلان کر رہی ہے۔
انھوں نے بتایا کہ جمیعت علماء ہند اپنے کام کو مزید وسعت دینے کے لیے شہری یونٹ کو اسمبلی سیٹز کے حساب سے سات الگ الگ حصوں میں تقسیم کرکے مستقل یونٹ کی تشکیل دی جائے گی اور اسی اعتبار سے ذمہ داریاں بھی تقسیم کی جائیں گی۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انھوں نے یہ بھی بتایا کہ حال ہی میں جمعیۃ علماء ہند کے ذریعے شروع کردہ پروگرام بعنوان جمعیۃ اوپن اسکول کو کانپور کے مدارس میں نافذ کرنے کا بھی اعلان کیا۔
مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی کا یہ بھی کہا ہے کہ ملک کے کسی بھی حصے میں مذہبی منافرت کی وجہ سے ہونے والے چھوٹے بڑے واقعات کے تعلق سے جمیعت علماء ہند کی جانب سے یہ بیداری پیدا کی جائے گی کہ اگر کوئی واقعہ رونما ہوتا ہے تو ذمہ دار شہری ہونے کی حیثیت سے ہمارا یہ فریضہ ہے کہ ہم اپنے علاقے کی انتظامیہ کو اور جمعیت علماء ہند کے ذمہ داران کو اس سے آگاہ کریں اور ملک میں کسی طرح کی نفرتی رجحان ختم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے۔
مولانا نے مسلمانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے دلوں سے خوف کو نکال دیں اور صبر و اعتماد کے ساتھ اپنا کام کریں، وہیں اس موقع پر جوانوں کے ذہنی و جسمانی تربیت کے لیے جمعیت علماء ہند کی قائم کردہ ذیلی ادارہ جمیعۃ یوتھ کلب کو ماہ شوال سے کانپور میں شروع کر دیا جائے گا، جس میں شہر کے نوجوانوں سے اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔ جس کا مقصد ایسے لوگوں کو تیار کرنا ہے جو قوم کے سچے خادم بنے اور ضرورت پڑنے پر خود کی حفاظت کے اہل ثابت ہوں۔
جمعیت یوتھ کلب میں اسکول اور مدرسے کے علاوہ دوسرے لوگ بھی شامل ہو سکتے ہیں، تاہم اسکول اور مدرسے کے بچے ڈائریکٹ بھارت اسکاؤٹ اینڈ گائیڈ سے وابستہ ہونگے اور اٹھارہ مہینے میں تین درجوں کی تربیت کے بعد جمعیت یوتھ کلب میں شامل ہونگے۔
جمعیت علمائے ہند کانپور شہر کے جنرل سیکریٹری مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے کہا کہ سو سال سے زیادہ قدیمی اجلاس معراج النبی اس برس بارہ، تیرہ اور چودہ مارچ کو پریڈ گراؤنڈ پر منایا جائے گا، جس میں ملک کے متعدد علماء کرام شرکت کرینگے۔