ملک کے تمام افراد تک ویکسینیشن پہونچانا بھلے ہی سوچنے میں بڑا معلوم ہوتا ہو لیکن ریاستی وزیر صحت جے پرتاپ سنگھ مکمل طور سے مطمئن ہیں۔
منگل کے روز کووڈ-19 کے ویکسینیشن کے لیے جاری ڈرائی رن کا جائزہ لینے آئے ریاستی وزیر صحت جے پرتاپ سنگھ ای ٹی وی بھارت سے خصوصی گفتگو کی۔
ریاستی وزیر صحت جے پرتاپ سنگھ نے کووڈ-19 کے ویکسینیشن پروگرام کے چیلینجز اور حکمت عملی کے سوال پر کہا کہ مارچ میں جس وقت گزشتہ برس کووڈ-19 آیا تھا اس وقت آبادی کے لحاظ سے ہمارے سامنے ایک بڑا چیلینج تھا لیکن حکومت اور انتظامیہ نے ایک ساتھ مل کر اتنا بہترین کام کیا کہ عالمی سطح پر اس کی ستائش ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ان دس ماہ میں تجربہ ہوا اور اب یہ جو ویکسینیشن پروگرام شروع ہونے جا رہا ہے اس کا ڈرائی رن کیا جا رہا ہے تاکہ کوئی پریشانی ویکسینیشن کے دوران نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ وہ ڈرائی رن کے جائزے کے بعد مطمعین ہیں ان کا ایسا ماننا ہے کہ ریاست کے صحت محکمہ کے ملازمین کو ویکسینیشن کا بڑا تجربہ ہے وہ مختلف ویکسینیشن کے پروگرام کراتے رہتے ہیں اس لیے انہیں امید ہے کہ کووڈ-19 کے ویکسینیشن میں کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔
کووڈ-19 کی ویکسین پر جاری سیاست کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اس مسئلے پر سیاست مناسب نہیں ہے۔ ویکسین پر سوال کھڑا کرکے لوگ سائنس داں کی بے عزتی کر رہے ہیں۔
آخر میں انہوں نے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ کووڈ-19 کی ویکسین کا کوئی منفی اثرات نہیں ہیں۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ کووڈ-19 کی ویکسین پر کوئی غلط فہمی نہیں ہے اور جب ویکسینیشن شروع ہوگا تو لوگ خود ویکسین لگوانے آئیں گے۔