شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ نے ایک ماہ سے بھی کم مدت میں ملک بھر میں پھیلے ویشنو دیوی کے عقیدت مندوں تک سپیڈ پوسٹ کے ذریعے پرساد کے زائد از ڈیڑھ ہزار پیکٹ پہنچائے۔
بتادیں کہ 28 اگست کو شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ نے محکمہ ڈاک کے ساتھ عقیدت مندوں تک سپیڈ پوسٹ کے ذریعے پرساد پہنچانے کا معاہدہ طے کیا۔
یونین ٹریٹری کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، جو شرائن بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں، نے پیر کے روز پرساد کی سپیڈ پوسٹ کے ذریعے ہوم ڈیلیوری کو لانچ کیا۔
شرائن بورڈ کے ایک عہدیدار نے بدھ کے روز بتایا کہ بورڈ نے اب تک زائد 15 سو پوجا پرساد کے پیکٹ ملک بھر میں پھیلے عقیدت مندوں کو سپیڈ پوسٹ کے ذریعے ارسال کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹائزڈ بوکسز میں پرساد گھر کی دہلیز پر ہی حاصل کرنے کے لئے عقیدت مندوں کو شرائن بورڈ کی ویب سائٹ پر اس کو بک کرنا ہے۔
موصوف نے کہا کہ بکنگ کے بعد بورڈ کی طرف سے پوجا کی انجام دہی کو 72 گھنٹوں کے اندر اندر ہی یقینی بنا کر پرساد کو سپیڈ پوسٹ کیا جاتا ہے تاکہ وہ عقیدت مندوں تک پہنچ سکے۔
دریں اثنا شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ نے آرتی کے براہ راست درشن کے لئے ایک موبائل ایپ متعارف کیا ہے۔
بورڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر رمیش کمار نے کہا ہے کہ اس موبائل ایپ کو 17 اکتوبر کو نوراتری کے پہلے دن کے موقع پر لانچ کیا جائے گا۔