جموں وکشمیر عام آدمی پارٹی کے رکن اوم پرکاش کھجوریہ نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ روز سابقہ ایم ایل سی اور بی جے پی سنیئر لیڈر وکرم رندھاوا کی جانب سے توی ندی میں چل رہی غیرقانونی کان کنی گھوٹالے سے متعلق عائد کئے گئے الزامات کی تحقیقات کی جائے اور سچائی کو سامنے لایا جائے ۔
جاری کردہ ایک بیان میں اوم پرکاش نے کہا کہ بی جے پی کے سنیئر لیڈر اور اسٹون کرشر اونرس ایسوسیشنن کے صدر نے ڈسٹرکٹ مائننگ آفیسر کےساتھ ساتھ ایم او ایس پر کئی طرح کے الزامات عائد کئے تھے ۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ آفیسران کے مبینہ طورپر ملوث ہونے کی وجہ سے جموں میں ریت ،بجری وغیرہ کی قیمتوں میں حالیہ کچھ عرصہ میں کافی حد تک اضافہ ہو گیا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ اس پورے معاملے میں بی جے پی سنیئر لیڈر اور وزیر عظم کے دفتر میں ایم او ایس پر بھی الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ تاہم انتظامیہ کو چاہئے کہ اس پورے معاملے کی تحقیقات کے لئے کسی سبکدوش جج کو تعینات کیا جائے تاکہ سچائی کو عوام کے سامنے لایا جاسکے ۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بی جے پی رہنما اور سابق ایم ایل سی وکرم رندھاوا نے توی ندی کے قریب چل رہی غیر قانونی کان کنی کی سرگرمیوں اور پتھروں کے ٹکڑے کرنے والے یونٹوں کی کارروائی کے لیے سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔