وادی& کشمیر کے معروف میڈیکل اسٹور بندرو کے مالک ماکھن لال بندرو کو کل شب گولی مار کر ہلاک کردیا گیا۔ جس پر سیاسی و سماجی رہنماؤں نے غم کا اظہار کیا ہے۔ اس تعلق سے جموں کے پریس کلب میں آج بجرنگ دل نے پاکستان کا پتلا بھی نذر آتش کیا۔ اس دوران بجرنگ دل جموں و کشمیر کے صدر راکیش بجرنگی نے کہا کہ 'یہ حملہ خطہ میں قوم پرست طاقتوں کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش ہے، جس کا ذمہ دار پاکستان ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک سے پیار کرنے والوں کے حوصلوں کو پست کرنے کی یہ ایک ناکام کوشش ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ وہیں دوسری جانب کشمیری مہاجر پنڈتوں نے یوتھ آل انڈیا کشمیری سماج کے بینر تلے احتجاج کیا اس موقع پر یوتھ آل انڈیا کشمیر سماج کے صدر آر کے بٹ نے نمائندوں سے کہا کہ 'کشمیری مہاجر پنڈتوں کو پاکستان کے اشاروں پر مارا جارہا ہے، جو کہ قابل مذمت ہے۔
انہوں نے معروف میڈیکل اسٹور بندرو کے مالک ماکھن لال بندرو کے قتل کے تعلق سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے اپیل کی کہ عسکریت پسندوں کی حمایت کرنے والے ملک پاکستان کو سبق سکھایا جائے، تاکہ ایسے واقعات دوبارہ سامنے نہ آئیں۔
مزید پڑھیں: بندرو کی ہلاکت کشمیری سماج کے لیے بڑا نقصان: حریت کانفرنس
پولیس کے مطابق سرینگر کے اقبال پارک پر واقع بندرو میڈیکیٹ کے مالک پنڈت ماکھن لال بندرو پر مبینہ طور پر نامعلوم عسکریت پسندوں نے گزشتہ شام گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوگئے۔