جموں کشمیر کی سرمائی دارالحکومت جموں کی امام رضا مرکزی مسجد بٹھنڈی میں شیعہ فیڈریشن Shia Federation نے جعفری کونسل Jafri Council کے اشتراک سے 12 لڑکیوں کی اجتماعی شادی کا اہتمام کیا۔ شیعہ فیڈریشن جموں کے صدر محترم عاشق حسین نے کہا کہ 'موجودہ حالات میں مہنگائی جہیز ودیگر دشواریوں کے باعث ہماری بچیاں عمر کی حدیں پار کرچکی ہیں ان کی شادیاں نہیں ہو پارہی ہیں، غریب اور مفلس والدین اپنی بچیوں کی شادیاں کرانے سے قاصر ہیں، ان مسائل کے پیش نظر ہم نے جعفری کونسل کی مدد سے اجتماعی شادی بیاہ کی ایک مجلس منعقد کی اور الحمد للہ 12 جوڑوں کی شادیاں ایک مجلس میں کرائی گئی۔
اس موقع پر غریب اور یتیم جوڑوں نے نئی زندگی کے آغاز پر مسرت کا اظہار کیا۔ غریب بیٹیوں کو باعزت رخصت کیا گیا اور انہیں شادی بیاہ کا ضروری سامان بھی دیے گئے۔ اجتماعی شادیوں کی تقریب میں جوڑوں کے نزدیکی رشتہ دار، علمائے کرام و ديگر افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر میڈیانمائندوں سے بات کرتے ہوئے جعفری کونسل کے سربراہ حاجی سعد مصدق نے کہا کہ 'موجودہ حالات میں مہنگائی جہیز و دیگر دشواریوں کے باعث ہماری کئی ہزار لڑکیاں عمر کی حدیں پار کرچکی ہیں، غریب اور مفلس والدین اپنی بچیوں کی شادیاں کرانے سے قاصر ہیں اسی سلسلے میں ہم نے اجتماعی تقريبات کے ذریعہ سات سو جوڑوں کی شادیاں کرائیں۔
انہوں نے کہا کہ اجتماعی شادیوں کا یہ سلسلہ ہم مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے۔ عوامی حلقوں نے جعفری کونسل کے اس اقدام کی تعریف کی، انہیں مستقبل میں بھی اس طرح کی کوششیں جاری رکھنے کا مشورہ دیا۔ اس موقع پر چیرمین مسلم فرنٹ سجا ظفر نے بھی شمولیت کی اور اپیل کی کہ جہیز کی لعنت کو ترک کرنا چاہئے اور بچیوں کی نکاح کے بعد رخصتی ہونی چاہئے، کہ سماج میں شادیوں کے دوران ہورہے دکھاوے، غیر ضروری اخراجات و دیگر چیزوں پر لگام لگاناوقت کی اہم ضرورت ہے۔ وہیں صاحب ثروت اپنی بیٹیوں کی شادی کے وقت آس پڑوس کی غریب بچیوں کا بھی خیال رکھیں۔
بتادیں کہ جعفریہ کونسل جموں وکشمیر اس طرح کی اجتماعی شادی بیاہ 2015 سے انجام دیتی آرہی ہے۔ اگرچہ کووڈ کے سبب انجمن گزشتہ دو برسوں سے اجتماعی شادیاں نہیں کراسکی، لیکن اب دوبارہ یہ سرگرمیاں الحمدللہ بخوبی انجام پا رہی ہیں۔ جعفریہ کونسل جموں وکشمیر نے ایسی بچیوں کی شادی کے لیے پابند عہد ہے، جوکہ شادی کی عمر کو تو پہنچ چکی ہیں۔ لیکن غریبی اور مفلسی کی وجہ سے ان کی شادی نہیں ہو پارہی ہے۔