مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ہفتہ کے روز ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جموں کشمیر میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے کیے جا رہے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے طلب کی گئی تھی۔
میٹنگ میں کئی افسروں کے علاوہ لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بٹھناگر اور صحت و طبی تعلیم کے فائنانشل کمشنر اٹل ڈولو بھی موجود تھے۔
میٹنگ میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے جموں کشمیر کے طبی اور نیم طبی عملے کی سراہنا کرتے ہوئے کورونا وائرس کو روکنے کے لیے سماج کے ہر طبقے سے تعاون طلب کیا۔
مرکزی وزیر نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے جنتا کرفیو کو کامیاب بنائیں تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاو پر مؤثر طور سے قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے وزارت صحت کی جانب سے جاری کی جارہی ایڈوائیزری پر عمل پیرا ہونے کی لوگوں سے تلقین کی۔
ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ لوگوں کو اجتماعات منعقد کرنے سے گریز کرنا چاہیے اور بلا وجہ ہسپتال جانے سے بھی پرہیز کرنا چاہیے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے تلقین کی کہ وہ کورینٹائین میں رکھے گئے افراد کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں تاکہ وہ خود کو قیدی تصور نہ کریں۔
اس موقع پر بولتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر آر آر بٹھناگر نے وائرس سے نمٹنے کے لیے رہنما خطوط کی مکمل پاسداری پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ لوگوں کو گھبرانا نہیں چاہیے بلکہ حکومت کی جانب سے جاری کی جارہی ایڈوائزری پر عمل کرنا چاہیے۔
اس سے قبل اٹل ڈولو نے جموں کشمیر میں کورونا وائرس کے اثرات کو روکنے کے لیے حکومت کی جانب سے کیے جا رہے اقدامات کا خلاصہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام ہسپتالوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ غیر ضروری او پی ڈی اور آپریش کے عمل کو فی الحال ملتوی کریں۔
انہوں نے کہا کہ لداخ اور بیرون ممالک سے جموں کشمیر میں آنے والے تمام افراد کو لازمی کورینٹائین میں رکھنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جموں میں اور کشمیر میں داخل ہونے والی تمام گاڑیوں کو لکھن پور اور لور منڈا کے مقامات پر صاف کیا جاتا ہے اور ان میں ضروری کیمیکلز کا چھڑکاو بھی کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ عوامی اہمیت کے مقامات، دفاتر اور ہسپتالوں کی صفائی ستھرائی کے عمل میں بلدیاتی اداروں کو شریک کریں۔
فائنانشل کمشنر نے کہا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے رابطے میں آئے 253 افراد کی نشاندہی کی گئی ہے جن کو نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے لازمی ساز و سامان کی دستیابی کے بارے میں مرکزی وزیر مملکت کو بتایا گیا کہ محکمہ صحت نے پی پی ای کِٹ، ماسک، سینی ٹائزر اور وینٹی لیٹروں کی مناسب مقدار حاصل کی ہے۔
آئیسولیشن سہولیات کے بارے میں بتایا گیا کہ مختلف ہسپتالوں کے علاوہ یہ سہولیات فوج کی مدد سے اودھمپور، نگروٹہ، ستواری اور سری نگر میں بھی قائم کی گئی ہیں۔
میٹنگ میں بتایا گیا کہ بڑے ہسپتالوں میں فلیو کلینک کھولنے کا بھی فیصلہ لیا گیا ہے تاکہ معمول کے مریض کورونا وائرس کے مریضوں کے رابطے میں نہ آئیں۔
میٹنگ میں بتایا گیا کہ سکمز صورہ، جی ایم سی سری نگر اور جی ایم سی جموں میں ٹیسٹنگ سہولیات دستیاب ہیں جبکہ آرمی کمانڈ ہسپتال اودھم پور اور آئی آئی آئی ایم جموں میں اسی طرح کی ٹیسٹنگ لیبارٹریاں قائم کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
میٹنگ میں نیشنل ہیلتھ مشن کے ڈائریکٹر بوپندر کمار، ڈائریکٹر ہیلتھ جموں ڈاکٹر رینو شرما، پرنسپل جی ایم سی جموں ڈاکٹر سونندا رینہ، او ایس ڈی کورونا وائیرس اویس احمد، پرنسپل میڈیکل کالج ڈوڈہ ڈاکٹر طارق اعجاز، ڈائریکٹر آئی ایس ایم ڈاکٹر موہن سنگھ، ڈائریکٹر خاندانی بہبود ڈاکٹر ارون شرما، کمشنر فوڈ اینڈ ڈرگس شکیل الرحمان، نئے میڈیکل کالجوں کے ڈائریکٹر ڈاکٹر یش پال شرما، سٹیٹ ڈرگ کنٹرولر لوکیتا کھجوریہ، جوائینٹ ڈائریکٹر پلاننگ صحت و طبی تعلیم مدن لال اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
کشمیر صوبے کے متعلقہ حکام نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں حصہ لیا۔