جموں: جموں وکشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی کال پر سرمائی راجدھانی جموں میں پیر کے روز بند کے بیچ وکلاء نے احتجاجی ریلی نکالی۔ بتادیں کہ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور حکومتی نمائندوں کے درمیان بات چیت ناکام ہونے کے بعد وکلاء نے پیر کے روز بند کی کال دی۔ یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ جموں میں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی کال پر اہم بازار بند رہے۔ Jammu bandh on call of JK High Court Bar Association
انہوں نے بتایا کہ جانی پور جموں میں وکلاء کی ایک بڑی تعداد نے پیر کی صبح ایک احتجاجی ریلی نکالی جس دوران لاوڈ اسپیکروں پر اعلانات کئے جارہے تھے کہ لوگ بند کی کال کو کامیاب بنائے۔ اُن کے مطابق وکلاء نے سڑکوں پر ٹائر بھی جلائے جس وجہ سے شاہراﺅں پر گاڑیوں کی آمدورفت میں خلل پڑا۔ ذرائع نے بتایا کئی علاقوں میں وکلاء نے زبردستی دکانوں کو بند کرایا۔
یہ بھی پڑھیں: جموں بند کی کال سے زندگی درہم برہم
نامہ نگار نے بتایا کہ پیر کی صبح سے ہی وکلاء کی بڑی تعداد جموں شہر کے مختلف علاقوں میں نمودار ہوئی اور شاہراہ پر بیٹھ کر دھرنا دیا ۔ بار ایسوسی ایشن جموں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اُن کی جائز مانگوں کو جلدازجلد پورا کیا جائے بصورت دیگر احتجاج میں شدت لائی جائے گی۔
یو این آئی