بادل پھٹنے کے واقعات کا قبل از وقت پتہ لگانے کے لیے جموں وکشمیر میں جدید راڈار سسٹم ابھی تک نصب نہیں کیا گیا تھا جب کہ اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش میں رواں سال جنوری میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس سسٹم نصب کئے گئے۔ وہیں مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ کل جموں کے جانی پور علاقہ میں میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ میں ویدر ڈوپلر راڈار سسٹم کا افتتاح کریں گے۔
ٹیکنیکل اسسٹنٹ میٹرولوجی جموں کے مطابق یہ ڈوپلر راڈار ایک ایسا راڈار ہے جس سے نہ صرف بارش کی پیش قیاسی کی جاسکتی ہے بلکہ بادل پھٹنے کے واقعات کا بھی قبل از وقت پتہ لگایا جا سکتا ہے۔
یہ راڈار ہوا کی طاقت کی پیمائش کرسکتا ہے۔ راڈار ریڈیو لہروں کو خارج کرتا ہے اور بارش اور بادل کی شدت کی جانچ کرتا ہے اور اس کی مقدار کا معائنہ بھی کرتا ہے۔ ڈوپلر راڈار کا استعمال کرکے ہوا کی سمت کا بھی تعین کیا جاسکتا ہے۔
2015 میں مرکزی حکومت نے اس بات کا فیصلہ کیا تھا کہ جموں و کشمیر میں ڈوپلر راڈار سسٹم کو بہرصورت میں نصب کیا جائے تاکہ برفانی طوفان، شدید برفباری، بادل پھٹنے کے واقعات، شدید بارش اور سیلاب کے آنے کے بارے میں قبل از وقت جانکاری حاصل کی جاسکے۔
مزید پڑھیں:Jammu X-Band Doppler Radar: موسم کی معلومات فراہم کرے گا 'ایکس بینڈ ڈوپلر ریڈار'
محکمۂ موسمیات کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ اس وقت جموں وکشمیر میں صرف کشمیر خطہ کے رام باغ علاقے میں ایک راڈار نصب ہے جس کے ذریعہ موسم کے حوالے سے لوگوں کو جانکاری ملتی ہے لیکن جموں وکشمیر میں کوئی بھی ایسا سسٹم نصب نہیں جس کے تحت بادل پھٹنے کے واقعات سے قبل اس کا پتہ لگایا جاسکے۔