جموں میں پیر اور منگل کے روز ہوئی بارش سے سڑکیں زیر آب ہوگئی ہیں، وہیں پانی مکانوں میں بھی داخل ہوگیا ہے۔
جموں شہر کے متعدد علاقوں میں مفلوج نکاسی نظام کی وجہ سے مسافروں و دیگر راہگیروں کو دوران آمد و رفت شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
شہر کی مختلف رابطہ سڑکوں پر پڑے ہوئے کھڈوں میں جمع پانی سیلابی صورتحال کی عکاسی کرنا شروع ہوگیا ہے۔ جموں صوبہ کے دیگر اضلاع کی ہی طرح جموں ضلع بالخصوص شہر میں ہوئی شدید بارش کی وجہ سے مکینوں کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، جب کہ شہر کے پہنامہ چوک، جیول، ڈوگراہ چوک اور ریلوے موڑ علاقوں میں بارش کا پانی سڑک پر ہی کچھ دیر کے لیے جمع رہا، جس کی وجہ سے مسافروں کی مشکلات میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق اگلے 24 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر کے خطہ کشمیر میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکے درجے کی بارشیں ہوسکتی ہیں، جب کہ صوبہ جموں میں درمیانی درجے کی بارشیں ہونے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں 27 سے 30 جولائی تک موسلادھار بارش متوقع ہے۔ جموں کی سڑکوں پر جمع پانی سے جہاں پیدل سفر کرنے والوں کا عبور و مرور مشکل بن گیا ہے۔ وہیں گاڑیاں بھی بمشکل ہی چل پارہی ہیں۔
مزید پڑھیں:کشمیر میں جھلسانے والی گرمی کے درمیان بارش کی پیشنگوئی
اسی دوران شہر میں ہوئی شدید بارش کی وجہ سے بھگوتی نگر، تالاب تلو، جیول چوک، راجیندر نگر، قاسم نگر، وینائک بازار، ڈوگری چوک، گاندھی نگر، سینک کالونی، گرین بلٹ وغیرہ میں پانی مکانوں میں بھی داخل ہوگیا، جس سے مکینوں کو مشکلات سے دوچار ہونا پڑا۔