ہفتہ کے روز کپوارہ کے خمریال علاقہ میں گجر و بکروال یوتھ ویلفیئر فورم نے ایک کنونشن منعقد کیا جس میں گجر بکروال قبیلے کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر گجر بکر وال طبقے کے لوگو ں نے کہا کہ موجودہ مرکزی حکومت گُجروں اور پہاڑی لوگوں کو لڑانا چاہتی ہے لیکن ایسا ہر گز نہیں ہونے دیا جائے گا۔
گُجر بکروال یوتھ ویلفیئر فورم کے صدر زاہد پرویز چودھری کا کہنا ہے کہ پہاڑی طبقے کو ریزرویشن ملنے سے وہ نا خوش نہیں ہیں بلکہ ہم چاہتے ہیں کہ گجر و بکروال طبقے کے 10 فیصدی ریزرویشن کے ساتھ کسی بھی قسم کی چھیڑ چھاڑ نہیں ہونی چاہیے اور اُن کے حق کو چھیننے کی کوشش کی گئی تو وہ سڑکو ں پر اتر کر احتجاجی مہم چھیڑ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ گُجر امن پسند قوم ہے اور وہ پُرامن طور اپنے حق کے لیے لڑیں گے۔ وہ اپنا حق حاصل کرنے کیلئے جموں و کشمیر کے ہر ضلع میں ایک کنونشن منعقد کریں گے تاکہ حکومت کو خبر دار کیا جائے گا کہ ان کے حقوق کے ساتھ کسی بھی قسم کی چھیڑخانی نہیں ہونی چاہئے۔
زاہد پرویز نے مزید کہا کہ حکومت گجر و بکروال طبقے کی فلاح و بہبود کا تذکرہ تو کرتی ہے لیکن عملی طور اس پسماندہ آبادی کی زبوں حالی کی تصویر بدلتی نظر نہیں آتی۔
اس وقت 2011 کی مردم شماری کے مطابق گجر و بکروال طبقے کی آ بادی 30 لاکھ سے زائد ہے لہٰذا حکومت کو چاہئے کہ ان کی 10 فی صدی ریزر ویشن کے ساتھ کسی قسم کی چھیڑخانی نہیں ہونی چاہئے اور انہیں اپنا حق ملنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ شیڈول ٹرائب کے تحت گجر و بکروال طبقے کو 10 فی ریزرویشن ملی ہے لیکن اس کے ساتھ کسی کو بھی چھیڑخانی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔