جموں و کشمیر کے دیگر حصّوں کی طرح خطہ چناب کے کہساروں پر موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی۔ خطہ کے ضلع ڈوڈہ، رامبن اور کشتواڑ میں اتوار کی صبح سے ہی موسم ابر آلودہ تھا۔
اگرچہ صبح کے وقت آسمان پر سورج نمودار ہوا تھا لیکن بعد میں وہ گھنے بادلوں میں چھپ گیا اور دوپہر تک پہاڑی علاقوں پر ہلکی کی برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں رُک رُک کر بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جو دیر شام تک جاری رہا۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق خطہ کے بالائی علاقوں میں تازہ برف باری اور میدانی علاقوں میں بارش کے ساتھ ضلع بھر میں درجہ حرارت میں نمایاں گراؤٹ آئی۔ جس سے زیادہ تر لوگ دِن بھر اپنے گھروں میں ہی محصور ہو کر رہ گئے۔
ضلع ڈوڈہ کے گئی دیسہ، مرگن ٹاپ، ناگنی، بھرت، مرمت، کاستی گڑھ اور بھدرواہ کے تمام پہاڑی علاقوں سے تازہ برف باری کی اطلاع ملی ہے۔
پہاڑی علاقوں میں ہورہی برفباری سے سردی کی لہر کے باعث بازاروں میں لوگوں کی بہت کم تعداد دیکھنے کو ملی۔ تاہم تازہ برفباری اور بارش سے چند اندرونی رابطہ سڑکوں کو چھوڑ کر تمام رابطہ سڑکوں اور قومی شاہراہوں پر ٹریفک معمول کے مطابق جاری رہی۔ کچھ علاقوں میں بجلی منقطع ہونے کی اطلاع بھی موصول ہوئی ہے۔
پورے ضلع کو سردی کی لہر نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے لیکن ڈوڈہ کے زیادہ تر لوگوں نے برفباری اور بارش کا خیر مقدم کیا۔