سرحدی ضلع راجوری کے تھنہ منڈی علاقے میں عسکریت پسندوں اور حفاظتی اہلکاروں کے مابین تصادم میں ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر (جے سی او) اور ایک عسکریت پسند ہلاک ہو گئے۔
تھنہ منڈی کے کلس علاقے میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کے شبہ کے بعد حفاظتی اہلکاروں نے بدھ کو علاقے کا محاصرہ کیا۔
جمعرات کی صبح تلاشی کارروائی کے دوران چھپے عسکریت پسندوں کے ٹھکانے کے نزدیک پہنچتے ہی عسکریت پسندوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے بعد حفاظتی اہلکار بھی مورچہ زن ہو گئے۔
انکاؤنٹر کے دوران ایک عسکریت پسند کو ہلاک کیا گیا ہے تاہم ابھی تک انکی شناخت نہیں ہو پائی ہے۔
مزید پڑھیں: نامعلوم بندوق برداروں نے اپنی پارٹی کے کارکن کو گولی ماردی
انکاؤنٹر کے دوران فوج کے ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر (جے سی او) کو گولی لگی جس کے بعد انہیں نزدیکی اسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا کر فوت ہو گئے۔
فوت ہونے والے فوجی اہلکار کی شناخت ریاست اتراکھنڈ کے پوری، گڑھوال سے تعلق رکھنے والے 46سالہ رام سنگھ کے طور پر ہوئی ہے۔
رام سنگھ کے لواحقین میں انکی زوجہ سمیت ایک فرزند اور ایک دختر شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: ٹیرر فنڈنگ ماڈیول کا پردہ فاش، 4 گرفتار
ایس ایس پی راجوری نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ انکاؤنٹر ختم ہو چکا ہے تاہم انکاؤنٹر سائٹ کا ہنوز محاصرہ جاری ہے، انہوں نے مزید کہا کہ انکاؤنٹر سائٹ سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ تھنہ منڈی میں دو ہفتہ قبل انکائونٹر کے دوران حفاظتی اہلکاروں نے دو عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا تھا۔