جموں ضلع میں ڈینگو کے معاملات میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے صحت کے اعتبار سے تشویش پائی جارہی ہیں۔ جموں ضلع میں ابھی تک تقریبا 250 معاملات سامنے آئے ہیں، جن میں سے زیادہ کا تعلق جموں شہر سے بتایا جارہا ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق ان کیسوں میں زیادہ کا تعلق جموں شہر کے راجیو نگر، ریاھڑی، سروال، بھگواتی نگر اور پرانے شہر سے ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تازہ معاملات میں بچوں اور بزرگوں کی تعداد زیادہ ہے، محکمہ صحت کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ صورتحال تشویشناک ہے، تاہم محکمہ پوری طرح سے متحرک ہوکر کام کررہی ہے تاکہ ڈینگو کو روکنے میں مدد مل سکے۔
دوسری جانب جموں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے گلیوں، نالیوں و دیگر عوامی مقامات پر ادویات کا چھڑکاﺅ بھی کیا جارہا ہے۔ تاکہ مچھرو ں سے عام لوگوں کو بچایا جاسکے۔ غور طلب ہے کہ چیف سیکریٹری ڈاکٹر اے کے مہتا نے پہلے سے ہی اداروں کو احتیاطی اقدامات اٹھانے کی ہدایت جاری کی ہوئی ہیں۔
حکومت نے صحت شعبہ کے اعلیٰ افسران کو ہدایت جاری کی ہیں کہ ڈینگو سے بچاﺅ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ جموں ڈویژن میں ڈینگو کے 378 کیس ریکارڈ کیے جاچکے ہیں اور مذکورہ معاملات جموں ضلع کے ساتھ ساتھ صوبہ کے دیگر اضلاع سے بھی سامنے آرہے ہیں۔
محکمہ صحت نے عام لوگوں کے لیے ہدایت جاری کی ہے کہ مچھروں سے بچاﺅ کے لیے خود سے بھی احتیاط برتی جائے تاکہ مذکورہ معاملات میں کمی لائی جاسکے۔
مزید پڑھیں: کشمیر کے دیگر علاقوں میں مقیم غیر مقامی مزدور گھر لوٹنے پر مجبور
انہوں نے کہاکہ گھروں کے قریب نالیوں میں آلودہ پانی جمع نہ ہونے دیں اور صفائی ستھرائی پر زیادہ سے زیادہ دھیان دیں۔ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں ڈاکٹر رینو شرما نے بتایا کہ ابھی تک صوبہ جموں میں سے 378ڈینگو معاملات سامنے آچکے ہیں، جبکہ شعبہ کی جانب سے احتیاطی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔