صوبہ جموں کے سرحدی ضلع راجوری میں ہوئے ایک سڑک حادثے میں کم از کم 15افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق راجوری ضلع کے نوشہرہ سب ڈویژن میں ایک تیز رفتار منی بس پلٹ جانے کی وجہ سے گاڑی میں سوار 15افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حادثے کی خبر موصول ہوتے ہی نوشہرہ پولیس اسٹیشن سے پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر بچاﺅ کا کام شروع کیا اور زخمیوں کو سب ڈسٹرکٹ ہسپتال نوشہرہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ سڑک حادثہ گاڑی میں آئی تکنیکی خرابی کی وجہ سے رونما ہوا تاہم انہوں نے ضلع انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سرحدی علاقوں میں رابطہ سڑکوں کی حالت کو بھی معیاری نہیں بنایا گیا ہے جس کی وجہ سے مذکورہ نوعیت کے حادثات رونما ہو رہے ہیں۔[
اس دوران جموں وکشمیر پولیس نے ایک کیس درج کر کے تحقیقات شروع کردی ہے۔