جے پور کے راجستھان کالج میں اساتذہ کی جانب سے طلبا کو نماز پڑھنے سے روکنے کا ویڈیو وائرل ہوگیا۔ اطلاعات کے مطابق یہ ویڈیو گزشتہ جمعرات کا ہے جب کہ اس معاملہ کو لیکر این ایس یو آئی اور اے بی وی پی آمنے سامنے ہے۔
این ایس یو آئی نے طلبا کو نماز پڑھنے سے روکنے والے اساتذہ کو فوری طور پر برطرف کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ وہیں پورے معاملے پر اے بی وی پی کی جانب سے کہا گیا کہ راجستھان کالج کے ماحول کو بگاڑنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
راجستھان یونیورسٹی کے طلبہ رہنما ابراہیم ناگوری نے بتایا کہ ’گزشتہ جمعرات کو راجستھان کالج میں اردو کا امتحان دینے کے لیے کثیر تعداد میں مسلم طلبا پہنچے تھے، اس دوران نماز کا وقت ہوگیا جس کے بعد طلبا کالج کے ایک کونے میں نماز ادا کررہے تھے کہ وائس پرنسپل آر این شرما نے ماتحت ملازمین کے ذریعہ طلبہ کو نماز پڑھنے سے روک دیا۔ ابراہیم کا کہنا ہے کہ اس پورے معاملے کی اطلاع کالج کے پرنسپل کو دی گئی اور آر این شرما کے خلاف سخت کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر فوری طور پر وائس پرنسپل کو برخواست نہیں کیا گیا تو بڑے پیمانہ پر احتجاج منظم کیا جائے گا۔