ریاست راجستھان میں کالا ہرن شکار کرنے کے کیس میں جودھپور کی عدالت نے معروف اداکار سلمان خان کو بڑا جھٹکا دیا ہے۔
خیال رہے کہ عدالت نے کہا آئندہ سماعت میں اگر سلمان خان پیش نہیں ہوئے تو ان کی ضمانت منسوخ ہوجائے گی۔
واضح رہے کہ سلمان کو چار جولائی کو عدالت میں پیش ہونا تھا،لیکن ان کے وکیل ہستیمل سارسوت نے حاضری معافی پیش کی جس پر عدالت نے اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے یہ باتیں کہی ہیں۔
جودھپور عدالت نے سخت الفاظ میں کہا کہ سلمان کیوں پیش نہیں ہوئے؟ اگلی پیشی پر سلمان کو پیش کریں نہیں تو ضمانت منسوخ کردی جائے گی۔
خیال رہے کہ اس کیس میں سی جے ایم دیہی کورٹ نے سلمان خان کو پانچ برس کی سزا سنائی تھی۔ جس پر سلمان کی درخواست پر ضلع اور سیشن عدالت جودھپور میں سماعت ہوئی تھی۔
یاد رہے کہ کالا ہرن شکار کیس سنہ 1998 میں اس وقت درج کیا گیا جب فلم 'ہم ساتھ ساتھ ہیں' کی شوٹنگ کی جارہی تھی۔
اس کیس میں اداکار سلمان خان، سیف علی خان، تبو ، سونالی باندرے اور نیلم پر الزام تھا کہ انہوں نے فلم کی شوٹنگ کے دوران راجھستان میں کالے ہرن کا شکار کیا تھا۔
خیال رہے کہ کالا ہرن نایاب جانوروں میں شمار ہوتا ہے جس کا شکار غیر قانونی ہے، سلمان خان کو بھارتی آئین کے وائلڈ لائف قانون کی دفع 51 کے تحت سزا سنائی گئی ہے۔