راجستھان کے دارالحکومت جے پور میں بارش کے قبل نالوں کی صفائی نہ ہونے سے لوگوں کے سامنے بڑا مسئلہ پیدا ہو سکتا ہے۔
مانسون کے قبل جے پور میں ہر سال نالوں کی صفائی کا کام انجام دیا جاتا تھا لیکن اس سال ابھی تک صفائی کے کام کو مکمل نہیں کیا جا سکا ہے۔ ایسے میں حکومت کے دعوے کھوکھلے ثابت ہو رہے ہیں۔
جے پور کے عیدگاہ، گنگا پول، رام گنج اور جل محل علاقے میں نالوں کی صفائی نہیں ہوئی حالانکہ باس بدن پورہ علاقے میں مزدور نالیوں کی صفائی کرتے ہوئے ضرور نظر آئے۔
گنگاپول علاقے میں مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کے اعلیٰ ذمہ داران کو نالوں کی صفائی کے متلعق کئی بار بتایا گیا ہے۔ انہیں ہم لوگوں نے کئی بار فون بھی کیا لیکن اس کے باوجود عہدیداران اس جانب توجہ نہیں دیتے ہیں۔
مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ بارش کا موسم شروع ہونے والا ہے ایسے میں یہاں پر ان نالوں کی صفائی نہیں ہونے کی وجہ سے ہم لوگوں کو اور بھی زیادہ دشواریوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہاں پر صفائی ملازمین بھی وقت پر نہیں آتے۔ اس لئے ہم لوگوں کو خود ہی علاقے کی صفائی کرنی پڑتی ہے۔
مقامی باشندوں نے انتظامیہ سے نالوں کی صفائی کرانے کا مطالبہ کیا ہے مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ بارش سے قبل نالوں کی صفائی کرادینی چاہئے ورنہ یہ گندگی ہمارے لئے مسئلہ بن جائے گی۔ اس کے علاوہ بارش کے بعد اس گندگی سے بیماری بھی پیدا ہو سکتی ہے۔