ذرائع کے مطابق صبح ساڑھے سات بجے سخت سکیورٹی انتظامات کے درمیان پرامن ووٹنگ شروع ہوئی اور دوپہر بارہ بجے تک تقریباً چالیس فیصد ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔
جےپور ضلع کے چاکسو پنچایت کمیٹی علاقے میں دوپہر تک 39.03، شاہ پورا میں 39.15، تنگا میں 33.73 اور سانبھر میں قریب 33 فیصد ووٹنگ ہوچکی تھی۔
اسی طرح دیگر ضلعوں میں بھی اس دوران تقریباً چالیس فیصد ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا، ووٹر شام ساڑھے پانچ بجے تک اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرسکیں گے۔
محکمہ الیکشن کے مطابق صبح دس بجے تک قریب بیس فیصد ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرلیا تھا، صبح ووٹنگ شروع ہوتے ہی ووٹروں کی رفتار کچھ سست رہی لیکن بعد میں پولنگ بوتھوں پر لمبی لائنیں لگنے لگیں، شروع میں کچھ الیکٹرونک ووٹنگ مشینوں میں معمولی گڑبڑی کی شکایتیں بھی ملیں جس کا جلد ہی حل کردیا گیا، ووٹنگ کے دوران کہیں سے کوئی ناخوشگوار خبر نہیں ملی ہے۔
ان پنچایتوں کے 4339 مراکز پر 30 لاکھ 56 ہزار 742 ووٹر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرسکیں گے، ان میں سے 15 لاکھ 97 ہزار 612 مرد،14 لاکھ 59 ہزار 111 خواتین اور 19 دیگر ووٹر شامل ہیں۔
ووٹنگ کے بعد تمام پنچایت ہیڈکوارٹروں پر ووٹوں کی گنتی ہوگی اور نتیجے جاری کردئے جائیں گے۔ نائب سرپنچ کا الیکشن اگلے دن ہوگا۔ اس سے پہلے پنچایت الیکشن کا پہلا مرحلے 28 ستمبر، دوسرا مرحلہ تین اکتوبر اور تیسرا مرحلہ چھ اکتوبر کو پورا ہوچکا ہے۔ جبکہ گزشتہ جنوری سے مارچ تک سات ہزار سے زیادہ گرام پنچایتوں میں الیکشن عالمی وبا کورونا سے پہلے ہی کرائے جا چکے ہیں۔