ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور کے سوائی مان سنگھ اسپتال میں اچانک آگ لگنے سے خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہو گیا۔
بتایا جارہا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی تھی لیکن بروقت اس پر قابو پالیا گیا ہے۔ اسپتال انتظامیہ سے موصولہ اطلاع کے مطابق اسپتال کے 1- اے بی وارڈ کے قریب واقع فیکلٹی روم میں اچانک شارٹ سرکٹ میں آگ لگ گئی جس کے بعد اسپتال انتظامیہ نے فوری طور پر فائر بریگیڈ کو اطلاع دی۔
آگ کی وجہ سے اسپتال کی مین گیلری میں دھواں پھیل گیا جس کے سبب مریضوں کو وارڈ سے دوسری جگہ منتقل کردیا گیا۔
اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی اسپتال پہنچی اور فوری طور پر آگ پر قابو پالیا گیا۔ کسی بھی قسم کا کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا ہے لیکن کچھ کاغذات اور فرنیچر کے جل جانے کی اطلاع ہے۔