ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور کے علاقے اشوک نگر پولیس اسٹیشن میں آج علی الصبح سیوریج لائن میں رساؤ کے سبب سڑک پر 20 فٹ گہرا گڑھا ہوگیا جس کی وجہ سے ایک آٹو 20 فٹ گہرے گڑھے میں گرگیا اور اس حادثے میں ایک آٹو ڈرائیور اور ایک خاتون زخمی ہوگئیں۔
اس حادثے کے بعد مسافروں نے پولیس کنٹرول روم پر فون کرکے حادثے کی اطلاع دی۔
اس اطلاع کے بعد تھانہ اشوک نگر پولیس موقع پر پہنچی اور راہگیروں کی مدد سے خاتون اور آٹو کو گڑھے سے باہر نکالا۔
واضح رہے کہ دونوں زخمیوں کو نکالنے کے بعد ان کو علاج کے لیے ایس ایم ایس ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق چومو ہاؤس سرکل پر سیوریج کی لائن میں رساؤ کی وجہ سے مٹی بہہ گئی اور سڑک پر 20 فٹ گہرا گڑھا ہوگیا، جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا اور تیز رفتار آٹو بے قابو ہوکر گڑھے میں گرگیا۔
خیال رہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے آٹو ڈرائیور کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے جبکہ آٹو میں سوار خاتون کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔
پولیس نے حادثے کے بعد بیریکیڈز لگا کر راستے میں گاڑیوں کی آمدورفت روک دی ہے۔ اس کے ساتھ جے ڈی اے اور متعلقہ محکمہ کے عہدیداروں کو سڑک پر موجود 20 فٹ گہرے گڑھے کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے۔