عالمی وبا کورونا وائرس کے پیش نظر راجستھان حکومت کی جانب سے ایک بڑا فیصلہ لیا گیا ہے، جس کے تحت ریاست راجستھان کے تمام مذہبی مقامات کو بند کر دیا گیا ہے۔
یہ تمام مذہبی مقامات کل 16 اپریل صبح 6 بجے سے بند ہو جائیں گے اور فی الحال 30 اپریل تک مندر، مساجد، گردوارہ، چرچ اور درگاہوں سمیت تمام مذہبی مقامات پوری طرح بند رہیں گے۔
![کورونا وائرس: راجستھان میں مذہبی مقامات کل سے بند](https://etvbharatimages.akamaized.net/etvbharat/prod-images/rj-jai-dharmikband-02-dry-7204840_15042021140932_1504f_1618475972_375.jpg)
وہیں آئندہ کل ہی رمضان المبارک کے مقدس ماہ کا پہلا جمعہ بھی ہے اور جمعہ کے موقع پر مساجد و درگاہوں اور جامع مساجد میں خاصا رش رہتا ہے، لیکن اس مرتبہ اجتماعی طور نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
جے پور کے جوہری بازار علاقے میں واقع جامع مسجد کی انتظامیہ کمیٹی کے صدر نعیم قریشی نے ای ٹی وی بھارت کے نمائندے سے فون پر بات چیت کے دوران کہا: ’’جو بھی حکومت کی جانب سے گائیڈ لائنز جاری کی گئی ہے۔ اس کا مکمل طور پر خیال رکھا جائے گا، چند لوگ ہی جامع مسجد میں نماز ادا کریں گے، کسی طرح سے یہاں پر بھیڑ جمع نہیں ہونے دی جائے گی۔‘‘