ریاست راجستھان کے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت کو جے پور کے ایک نوجوان نے آدرش نگر اسمبلی حلقے سے رکن اسمبلی رفیق خان کی حمایت میں خون سے خط لکھا ہے۔ جس کے بعد یہ خط سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
نوجوان نے خط لکھ کر وزیراعلیٰ اشوک گہلوت سے مطالبہ کیا ہے کہ حاجی رفعت کے جنازے میں لوگوں کا کافی زیادہ ہجوم جمع ہوگیا تھا لیکن وہاں پر موجود رکن اسمبلی رفیق خان لوگوں کو کورونا گائڈ لائن کے متعلق سمجھاکر روانہ کررہے تھے۔ اس کے باوجود ان پر ہی پولیس کی جانب سے ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے جو کہ سراسر ناانصافی ہے، اس لیے ہم آپ سے گزارش کرتے ہیں کہ رفیق خان پر درج ایف آئی آر کو واپس لیا جائے کیوں کہ وہ بے قصور ہیں۔
دراصل جے پور کے سماجی کارکن اور نگینوں کے کاروباری حاجی رفعت کے نماز جنازہ اور سپرد خاک کے وقت کورونا گائڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے پر ان کے اہل خانہ اور کانگریس کے رکن اسمبلی سمیت 10 افراد کے خلاف کیس درج کیا گیا تھا۔ یہ کیسز جے پور کے رام گنج تھانہ انچارج بنواری لال مینا کی جانب سے درج کروایا گیا تھا۔