مرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی نے الزام لگایا ہے کہ کے چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت تلنگانہ حکومت غریبوں کے لئے ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر میں ناکام ہوگئی ہے۔ انہوں نے آج بی جے پی کے سینئر رہنما لکشمن کے ساتھ سکندرآباد پارلیمانی حلقہ کے مشیرآباد میں ڈبل بیڈ روم مکانات کا معائنہ کیا۔
اس موقع پرمیڈیا سے بات کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ سال 2015 میں ان مکانات کی تعمیر کے لئے سنگ بنیاد رکھا گیا تھا جن کی تکمیل ہنوز نہیں ہو پائی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے وقت حکمران جماعت ٹی آر ایس نے ڈبل بیڈ روم مکانات کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا تاہم اس وعدہ کو پورا نہیں کیا گیا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے ان مکانات کی تعمیر کے لئے جو فنڈس جاری کئے جارہے ہیں، اس کا استعمال نہیں کیا جا رہا ہے۔ شہر حیدرآباد میں تقریبا 20 لاکھ افراد کے ذاتی مکانات نہیں ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر ان تمام کے لئے مکانات تعمیر کئے جاتے ہیں تو مرکزی حکومت اس میں اپنا حصہ دینے کے لئے تیار ہے۔