حیدرآباد پولیس نے منگل کے روز کانگریس کے سینئر رہنما وی ہنمنت راؤ پر کورونا وائرس سے لڑنے کے لئے نافذ کیے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے کا مقدمہ درج کیا ہے۔
سابق رکن پارلیمان کے خلاف یہ مقدمہ اس وقت درج کیا گیا جب انہوں نے اپنے پیروکاروں کے ساتھ مل کر معمار دستور ڈاکٹر بی آر امبیدکر کے 129 ویں یوم پیدائش پر ان کے مجسمے پر پھول چڑھائے۔
چہرے کا نقاب پہن کر راؤ ٹینک بنڈ کے قریب امبیڈکر کے مجسمے پر پہنچے اور وہاں تعینات پولیس اہلکاروں کے مشورے کو نظر انداز کرتے ہوئے امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کیا اور پھول چڑھائے۔ اس موقع پر پولیس اہلکاروں سے انھوں نےبحث بھی کی۔
راؤ اور دیگر کے خلاف سیف آباد پولیس اسٹیشن میں آئی پی سی کی دفعہ 188 اور 269 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ لاک ڈاون کے نفاذ کے بعد کسی بھی طرح کی سماجی سیاسی اور نجی تقریب پر امتناع عائد ہے، اور لوگوں سے یہ اپیل کی گئی ہیکہ جمع ہونا تو دور بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔