تلنگانہ میں ڈرنک اینڈ ڈرائیو کے خلاف پولیس کی جانب سے چلائی جارہی مہم کو کچھ وقت کے لیے روکنے کی تجویز ہے۔
تلنگانہ کے وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی نے ریاستی اسمبلی میں بتایا کہ چونکہ کورونا وائرس کے خطرات منڈلا رہے ہیں۔ ایسے میں یہ تجاویز مل رہی ہیں کہ حالت نشہ میں گاڑیاں چلانے کے خلاف جو مہم چلائی جاتی ہے اور جو بریتھ انالائزر ٹیسٹ ہوتا ہے۔ اسے ایک ماہ کیلئے روکا جائے۔
انہوں نے تیقن دیا کہ اس طرح کی تجاویز کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔
رکن اسمبلی ابراہیم پٹنم منچی ریڈی کشن ریڈی نے وقفہ صفر کے دوران یہ مسئلہ اٹھایا اور انہوں نے وزیر داخلہ سے خواہش کی کہ بریتھ انالائزر ٹسٹ کو کم از کم ایک مہینے کیلئے روکا جانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے ایک ہی آلہ کا استعمال کرتے ہوئے اس طرح کے معائنے کئے جا رہے ہیں اور سبھی کا ٹسٹ ایک ہی آلہ میں کیا جا رہا ہے۔ اس کے نتیجہ میں عوام میں کورونا وائرس پھیلنے کے اندیشے ظاہر کئے جا رہے ہیں۔
اس کا جواب دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے تیقن دیا کہ اس تجویز پر غور کیا جائیگا اور صورتحال پر غور اور پولیس عہدیداروں سے مشاورت کے بعد اس تعلق سے فیصلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ تلنگانہ پولیس شراب پی کر گاڑی چلانے والوں کی شناخت کے لئے یہ مہم چلاتی ہے جس میں ایک آلہ ہوتا ہے جسے منھ میں رکھ کر ٹیسٹ کیا جاتا ہے۔ اور سبھی کو اس ایک آلے سے ٹیسٹ کیا جاتا ہے۔