حلف برداری کی تقریب قانون ساز کونسل کے صدر نشین جی سُکیندر ریڈی کے چیمبر میں منعقد ہوئی۔ سُکیندر ریڈی نے ان کو حلف دلایا۔ کویتا جو گہری ہری رنگ کی ساڑی زیب تن کی ہوئی تھیں کے ساتھ ریاستی وزیر پرشانت ریڈی، متحدہ نظام آباد ضلع سے تعلق رکھنے والے حکمران جماعت ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی، ارکان کونسل بھی تھے۔
حلف برداری کے بعد انہوں نے کاغذات پر دستخط کیے۔ کویتا کو حلف برداری پر وہاں موجود ان کی پارٹی کے عوامی نمائندوں نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔
کویتا چند دن قبل ہی حلف لینے والی تھیں لیکن جگتیال کے رکن اسمبلی ڈاکٹر سنجے کمار سے ملاقات ہونے کی وجہ سے انہیں 5 دنوں کے لیے ہوم قرنطینہ میں رہنا پڑا کیونکہ سنجے کمار کورونا مثبت پائے گئے تھے۔