امیرملت اسلامیہ تلنگانہ وآندھراپردیش مولانا محمد حسام الدین ثانی عاقل جعفر پاشانے کہا کہ پڑوس میں اگر کوئی شیعہ،سنی،دیوبندی،بریلوی مسلک سے تعلق رکھتا ہےیا کوئی غیر مسلم ہو وہ اپنا حساب دے گا لیکن اگر وہ رات کو بھوکا سوجائے تو اس کا جواب ہمیں دینا ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ اسلام اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ ہم پیٹ بھر کھائیں اور ہمارا پڑوسی بھوکا سوجائے اور یہ مومنانہ شان بھی نہیں ہے کہ ہم پڑوسی کی مدد سے غفلت برتیں۔
جعفر پاشا نے بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ لاک ڈاون کے دوران شدید ضرورت کے تحت ہی حکومت کے احکام کی پابندی کرتے ہوئے گھروں سے نکلیں اور جتنا جلد ہوسکے دوبارہ گھروں کو لوٹ جائیں۔
انھوں نے کہا کہ ماسک کا لازمی طور پر استعمال اور سماجی فاصلے کی برقراری کو یقینی بنائیں۔ جعفرپاشا نے کہا کہ انھیں ایسی اطلاعات موصول ہوئیں ہیں کہ لاک ڈاون کو دیکھتے ہوئے کچھ مکان داروں نے کرایہ داروں کا کرایہ معاف کردیا ہے۔ اللہ ایسے تمام اصحاب کو اجرعظیم عطا کرے اور ان کے جان ومال میں خیرو برکت عطاکرے۔
مولانا نے اس موقع پر دیگر مکان دار اور دوکاندارروں سے اپیل کی کہ وہ بھی اپنے کرایہ داروں کے ساتھ مشکل کے اس وقت میں مدد کریں، ان کے کرایہ کو معاف کریں یا کم ازکم نصف کردیں۔
مولانا نے بحران کے اس وقت میں رشتہ داروں کی خبر لینے اور ان کی ضرورت کو پورا کرنے پر زور دیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ مسلمان گھروں میں نمازوں کی پابندی اور قران کی تلاوت کو جاری رکھیں اور جو کوویڈ-19 میں مبتلا ہوئے ہیں ان کی صحت کاملہ اور عاجلہ کے لیے دعا کریں۔