شہر اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں جی ایچ ایم سی کے جملہ 11 ہزار ملازمین کو انتظامات اور صفائی کے کاموں پر مامور کیا گیا ہے۔ علی الصبح میئر و ڈپٹی میئر نے حسین ساگر کا معائنہ کیا۔
اندازے کے مطابق شہر میں تقریبا 50 ہزار گنیش کی مورتیوں کو تاریخی تالاب حسین ساگر میں غرق آب کیا گیا۔
اس موقع پر پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے۔ حیدرآباد، سائبرآباد اور رچہ کونڈا پولیس کمشنریٹز کی جانب سے ٹریفک کے بشمول جملہ 35 ہزار عملے کو تعینات کیا گیا۔
امن کی برقرار کو یقینی بنانے کے لئے ریپڈ ایکشن فورس، گرے ہانڈس اور انسداد دہشت گردی ونگ آکٹوپس کے عملے کو بھی تعینات کیا گیا۔
حیدآباد کے خاص اور حساس علاقوں پر پولیس کا زیادہ تر عملہ تعینات کیا گیا اور مرکزی حکومت کے سیکورٹی عملے کی بھی اس پر خاص نظر رہی کیوں کہ گنپتی وسرجن کے خصوصی پروگرام میں آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے بھی شرکت کی تھی اور انہوں نے مختلف پنڈالوں کی طرف سے لائے گئے گنیش جی کی مورتیوں کا استقبال بھی کیا۔
موہن بھاگوت نے شہر حیدرآباد کے سب سے اہم مقام چار مینار کے دامن میں واقع بھاگیہ لکشمی مندر پہنچ کر پوجا کی اور وہاں لوگوں سے خطاب بھی کیا۔
پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے موہن بھاگوت نے کہا کہ ہندو برادری کوطاقتور بننا چاہیے اور متحد ہو کر رہنا چاہیے۔
انھوں نے مزید کہا کہ گنیش بھگوان کے بتائے ہوئے راستے پر ہی اپنی زندگی بسر کرنی چاہیے۔
اس موقع پر عوام کی کثیر تعداد موجود تھی اور پولیس کے بندوبست کیا گیا تھا-
واضح رہے کہ گنیش تہوار اور موہن بھاگوت کی آمد کی وجہ سے کافی تعداد میں لوگوں نے پروگرام میں شرکت کی اور بچوں کی جانب سے متعدد پروگرام بھی پیش کیے گئے۔