حیدرآباد کے بورا بنڈہ کے علاقے میں جمعہ کی رات اس وقت کشیدگی پھیل گئی اور خوف کا ماحول پیدا ہوگیا جب عوام نے خوفناک آوازیں سنی۔ دیکھتے ہی دیکھتے عوام اپنے گھروں سے باہر نکل گئے۔
دھماکوں کی خوفناک آوازوں کے ساتھ زلزلے کے خفیف جھٹکے بھی محسوس کئے گئے۔ جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 1.5 ناپی گئی۔ مقامی شہریوں نے کہا کہ رات 8.35 بجے پربورا بنڈہ اور اطراف کے علاقوں میں خوفناک آوازوں کے ساتھ زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔
وقفہ وقفہ سے دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئی ۔ یہ سلسلہ رات 12 بجے تک بھی جاری رہا۔ بورا بنڈہ اور اللہ پور علاقہ میں زلزلے کی اطلاع کے ساتھ عوام ایک دوسرے کی خیریت دریافت کرنے میں مصروف ہوگئے۔
مقامی عوام میں خوف و دہشت کے ماحول کو دیکھ کر پولیس اور مقامی سیاسی رہنما بورا بنڈہ پہونچ گئے اور عوام میں اعتماد بحال کرنے کی کوشش کی ۔ دہشت ناک آوازوں کا عالم یہ تھا کہ رات دیر گئے تک بھی عوام اپنے مکانات میں جانے سے گھبرا رہے تھے۔
نیشنل جیو فزیکل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آبزرویٹری اپل نے زلزلے کے جھٹکوں کو ریکارڈ کیاہے ۔ بورا بنڈہ میں اکثر و بیشتر دھماکوں کی آوازیں اور زلزلوں کے جھٹکوں کی شکایت کی جاتی رہی ہے۔