تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندر شیکھر راؤ بدھ کو نئی دہلی کا دورہ کریں گے۔ ان کے دورہ کا مقصد جنوبی دہلی کے علاقہ وسنت وہار میں ریاست کی حکمران جماعت تلنگانہ راشٹر سمیتی کے دفترکا سنگ بنیاد رکھنا ہے۔
ٹی آرایس پارٹی آفس کے دفتر کیلئے مرکزی حکومت نے 1100 مربع گز زمین الاٹ کی ہے۔ تلنگانہ راشٹر سمیتی جنوبی ہند سے تعلق رکھنے والی پہلی ایسی علاقائی سیاسی پارٹی ہوگی جس کا ملک کا صدر دفتر نئی دہلی میں ہوگا۔
واضح رہے کہ گذشتہ عام انتخابات سے پہلے تلنگانہ راشٹر سمیتی کے صدر کے چندر شیکھر راؤ نے علاقائی پارٹیوں کے ایک اتحاد فیڈرل فرنٹ کے قیام کیلئے کوشش کی تھی۔ نئی دہلی میں ٹی آر ایس آفس کے سنگ بنیاد کو آنے والے دنوں میں اس طرح کے اتحاد کے قیام کی دوبارہ کوشش سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔ سمجھا جا رہا ہے بہار اسمبلی انتخابات کے بعد کا مرحلہ علاقائی پارٹیوں کے اتحاد سے متعلق اقدامات کے لئے موزوں ہے۔
اگر بہار الیکشن میں این ڈی اے کامیاب نہیں ہوتا ہے تو ایسے میں بی جے پی اتحاد کا حصہ نہ ہونے والی جماعتیں متحد ہو سکتی ہیں۔ بہار اسمبلی الیکشن کے ایگزٹ پول کے رجحانات سے یہ لگتا ہے کہ کے چندر شیکھر راؤ کیلئے وہ مناسب وقت آ چکا ہے کہ وہ قومی سطح پر اپنی آمد کا احساس دلائیں اور اپنی ہم خیال جماعتوں کے ایک پلیٹ فارم کے انقعاد کے ذریعہ قومی سیاست میں ایک اہم رول ادا کریں۔