کورونا کے خوف سے حاملہ خاتون کو زچگی کے لئے داخل کرنے سے ریاست کے 6 اسپتالوں کے انکار کرنے کے بعد اس خاتون نے اپنے گھر میں ہی بچہ کو جنم دیا۔ یہ واقعہ تلنگانہ کے کھمم مستقر میں پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق کھمم کے رمناگڈہ علاقہ میں ایک چھوٹے مکان میں للیتا اور رمیش رہتے ہیں۔ رمیش کھمم ریلوے اسٹیشن میں سینی ٹیشن ورکر کے طورپر کام کرتا ہے۔ للیتا بھی وہیں کام کرتی ہے۔
للیتا حاملہ تھی اور اس ماہ کی 13 تاریخ کو اس کو درد اٹھنے لگا جس کے بعد 108 ایمبولنس کے ذریعہ اس کو کھمم ضلع کے اہم اسپتالوں میں لے جایا گیا تاہم سبھی اسپتالوں نے اس کو داخل کرنے سے انکار کر دیا۔ کئی اسپتالوں میں یہ کہتے ہوئے اس کو داخل کرنے سے انکار کر دیا گیا کہ اسپتال میں ڈاکٹرس کی خدمات دستیاب نہیں ہے، بعض اسپتالوں میں یہ کہا گیا کہ یہاں پر صرف نرسز ہیں۔ بعد ازاں یہ جوڑا کھمم کے پرائیویٹ میڈیکل کالج کے لئے روانہ ہوا، تاہم اس اسپتال نے اس کو مشورہ دیا کہ وہ ضلع ورنگل جائے۔
ایسی صورت میں تمام مقامات پر ناکامی کے بعد رات دیر گئے یہ جوڑا اپنے گھر واپس ہوا تاہم صبح ہونے تک درد میں اضافہ ہوتا چلا گیا۔ بعد ازاں ایک پرائیویٹ اسپتال کی نرس کی مدد سے اس خاتون کی گھر میں ہی زچگی ہوئی۔ رمیش نے کہا کہ بارش کے دوران اس نے اپنی بیوی کو مختلف اسپتال پہنچایا تاہم سبھی نے اس کو اسپتال میں داخل کرنے سے انکار کردیا۔ اس نے کہا کہ دونوں نے تقریبا 6 گھنٹے تک اسپتالوں کے چکر کاٹے لیکن کسی بھی اسپتال نے اس کو داخل نہیں کیا۔